حیدرآباد18ستمبر(ایجنسی)صدر کانگریس راہل گاندھی نے واضح کیا کہ کانگریس ایک ایسے ہندوستان میں دلچسپی رکھتی ہے جس میں تمام مذاہب کے لوگ خوشحال ہوں ،ترقی کریں، نچلی ذات کے لوگوں کو بے رحمی سے نہ پیٹا جائے اور نہ ہی ان کو ہلاک کیا جائے۔ کانگریس ایک ایسا ہندوستان چاہتی ہے جس میں خواتین آسانی کے ساتھ سڑکوں پر چل پھر سکیں ،خواتین کو عزت اوراحترام کی نظر سے دیکھا جائے۔
انہوں نے کہاکہ کانگریس ایساہندوستان چاہتی ہے جہاں اقلیتیں گھر سے باہر نکلنے سے خوفزدہ نہ ہوں۔تمام لوگ مل کر ملک کو درپیش مستقبل کے چیلنجوں کا سامنا کرسکیں ۔
انہوں نے کہا
کہ کانگریس ہی ہندوستان کا جذبہ ہے ۔صدر کانگریس نے آندھراپردیش کے کرنول کے ایک روزہ دورہ کے موقع پر ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے الزام لگایا کہ ایک معاملت کے تحت وزیرفائنانس نے وجئے مالیا کو ملک چھوڑنے دیا اور اس پر خود کو چوکیدار کہنے والے وزیراعظم خاموش رہے ۔انہیں اس پر وزیرفائنانس کو برخواست کرنا چاہئے تھا لیکن انہوں نے ایسا نہیں کیا کیونکہ وہ بھی خودرشوت خور ہیں۔
انہوں نے رافیل کامعاملہ بھی اٹھاتے ہوئے کہا کہ یوپی اے کے دور میں 126رافیل جہاز فرانس سے خریدنے کا معاہدہ کیا گیا تھا تاہم اپنے دوست انل امبانی کی کمپنی کو فائدہ پہنچانے کے لئے ہی وزیراعظم نے ہندوستان ایروناٹیکلس لمیٹیڈ کمپنی جس کو طیاروں کی تیاری کا 70سالہ تجربہ ہے ،کے بجائے انل امبانی کی کمپنی کو رافیل طیاروں کی تیاری کا کنٹریکٹ دیا ۔